برکت – سحر اسامہ




“ہادی بیٹا آٹھ جائیں ۔ سحری کا وقت ہوگیا ہے ۔” وہ سحری بنانے کے وقت سے اسے اٹھا رہی تھیں لیکن وہ ہمیشہ نیند کا اتنا ہی پکا تھا ۔ سوتا بھی دیر سے پھر اٹھتا بھی دیر سے ۔
“مما ابھی پانچ منٹ اور سونے دیں ” کروٹیں بدلتے ہوئے وہ بولا ۔ “ارے ہادی بیٹا ۔ آپ کے ایسے پانچ پانچ منٹ کرنے سے تو سحری کا وقت ہی گزر جائے گا ” وہ اس کے بال سہلارہی تھیں۔ “مما بہت نیند آئی ہے ۔ ” …… “اچھا چلیں پھر چھوڑیں کل رکھ لیجئے گا روزہ “….. “نہیں مما ۔ رکھنا تو آج ہی ہے لیکن صرف پانچ منٹ پلیز”…… “ہادی بیٹے دیکھیں بابا بھی اٹھ چکے دادو بھی ۔ چلیں بس اگر روزہ رکھنا ہے تو فورا اٹھ جائیں “……. “مما میں ابھی تھوڑی دیر پہلے ہی تو سویا تھا۔ اور سوتے ہوئے کھانا بھی کھایا تھا ۔ میرے پیٹ میں ہے ابھی سب ۔ رہنے دیں سحری میں سحری کے بغیر روزہ رکھ لیتا ہوں” اس کو نیند سے بہت پیار تھا ۔ “نہیں بیٹے سحری کے بغیر روزہ ، ہرگز نہیں ہادی ۔ سحری تو کرنی ہوگی روزہ کیلئے ”
“کیوں مما ؟ ضروری تھوڑی نہ ہے ۔ پلیز مجھے سونے دیجئیے “…… “ہادی بیٹے سحری بھی بالکل اسی طرح ضروری ہے جیسے افطاری۔ چلیں میں آپ کو ایک چھوٹی سی حدیث سناتی ہوں پھر آپ سحری کیلئے فورا اٹھ جائیں گے۔ دادو نے بتایا تھا نا آپ کو حدیث آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کو کہتے ہیں اور جو آپ کا فرمان مانتا ہے وہی اچھا مسلمان ہوتا ہے “….. “اچھا تو سحری کے بارے میں آپ نے کیا فرمایا ہے ۔ مجھے بتائیں تاکہ مجھے پتہ چل جائے ” وہ آنکھیں پوری کھولے فرمان نبوی صلی اللّہ علیہ وسلم سننے کا منتظر تھا ۔
“آپ نے سحری کے بارے میں فرمایا ” سحری کرو؛ کیونکہ سحری میں برکت ہوتی ہے ” ۔ یعنی چاہے آپ نے سحری کے وقت سے پہلے رات کا کھانا کتنا ہی اچھا اور زیادہ کیوں نہ کھایا ہو وہ آپکے روزے میں مدد نہیں دے گا لیکن سحری کرو کیونکہ سحری کی برکت کی وجہ سے چاہے سحری کم کھائی ہو یا زیادہ آپ کا روزہ سحری کھانے کی وجہ سے بہت اچھا اور پر سکون گزرے گا ۔ ”
“مما یہ تو مجھے معلوم ہی نہیں تھا ۔ بالکل سحری کی برکت اسی لئے ہے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس میں برکت ہے ہنا مما ” وہ بیٹھتے ہوئے کہنے لگا ۔ “جی بالکل اب ان شاءاللہ خوشی خوشی سحری کرنی ہے تاکہ سحری کی برکت کی وجہ سے ہم سب کا روزہ اچھا گزر سکے ۔” وہ ہاتھ پکڑ کر اسے اٹھاتے ہوئے کہنے لگیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں