بھارتی کسانوں کیلئے کئی ممالک میں احتجاج – Urdu News – Today News




امریکا: واشنگٹن، نیویارک اور سان فرانسسکو میں بھارتی کسانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مودی مخالف مظاہرے ہو رہے ہیں

لندن/ واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا کے بڑے شہر سان فرانسسکو میں کئی روز سے کسانوں کے حق میں اور مودی سرکار کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ اتوار کے روز بھی درجنوں مظاہرین بھارتی قونصل خانے کے باہر جمع ہوئے اور مودی سرکار کے خلاف نعرے بازی کی۔ شہر کی سڑکوں پر بھی کسانوں کے حامی کئی روز سے ریلیاں نکال رہے ہیں۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے باہر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا،جس میں بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ کسانوں کے مطالبات تسلیم کرے۔ ایسا ہی مظاہرہ نیویارک میں بھی کیا گیا۔ دوسری جانب لندن میں مودی سرکار کی کسان دشمن پالیسی اور کسانوں پر ریاستی جبر کے خلاف مظاہر کیا گیا۔ اس دوران ہزاروں سکھوں نے بھارتی ہائی کمیشن کا گھیراؤ کرلیا اور مودی سرکار کے خلاف نعرے لگائے۔ واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت اور دیگر ریاستوں میں زرعی قوانین کے خلاف کئی روز سے کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ حکومت اور کسانوں کے درمیان مذاکرات کے 5 دور ہوچکے ہیں جو کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئے۔ کسانوں کے احتجاج کے باعث مودی سرکار کو دنیا بھر میں رسوائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، تاہم حکومت ڈھٹائی سے اپنے موقف پر ڈٹی ہوئی ہے۔ اپوزیشن رہنما شردپوار نے حکومت پر زور دیا کہ وہ احتجاج کو سنجیدگی سے لے، ورنہ صورت حال نازک ہوجائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کسانوں نے احتجاج میں شدت لانے اور مطالبات منوانے کے لیے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیاہے۔ مودی سرکار نے ستمبر میں زرعی اصلاحات کے نام پر کالا قانون منظور کیا تھا، جس کے خلاف یہ احتجاج کیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں