ہمیں آپ سے ڈر لگتا ہے – سمیرا امام




ہمیں آپ سے ڈر لگتا ہے … یہ وہ جملہ ہے جو اکثر و بیشتر مجھے سنائی دیتا ہے ۔ پہلے مجھے حیرت ہوا کرتی تھی کہ آخر ایسا کیوں ہے میں نے تو کبھی کسی کو کچھ نہیں کہا ۔ اس کے بعد میرا لہجہ معذرت خواہانہ ہو جاتا اور اچھی اور نیک نام بی بی بننے کے لیے بعض اوقات اس بات کو بھی برداشت کرنا پڑتا جو مزاج کا حصہ ہی نہیں .

لیکن اب جب سوچوں تو میرے خیال میں جن لوگوں کو واقعتاً ڈر لگتا ہے یا وہ خواہ مخواہ کا ڈرامہ کر رہے ہوتے ہیں انھیں یقیناً ڈرنا ہی چاہیے ۔کیوں ؟؟ دیکھیے آپ اچانک سے کہیں سے ٹپک پڑی ہیں اور ایک دم سے گفتگو اس طرح کرنا شروع ہو گئیں جیسے ہماری صدیوں سے ایک دوسرے سے جان پہچان ہو ۔ آپ فضول میں فرینک ہوکر ذاتی نوعیت کے سوالات اور کمنٹ کو اپنا حق سمجھنے لگی ہیں ۔ آپ چاہتی ہیں کہ آپ سے بے بی ‘ پیاری ‘ مُنی ٹائپ القابات استعمال کر کے بات کی جائے ۔ آپ کی غلط بات پہ بھی مجھے سر تسلیمِ خم کر دینا چاہیے کیونکہ آپ میری لکھی ہوئی چند لائینیں پڑھتی ہیں یا کوئی بھی دوسری صورت حال ۔ حُسنِ اخلاق کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ اجنبیوں سے ہنس ہنس کے گلے ملنا اپنا فرض سمجھے ۔ یا غلط باتوں پہ بھی آپکے معصوم دل کو ٹھیس نہ پہنچے اس خیال سے برداشت کیا جائے ۔

آپ بھلے سے میری دادی کی عمر کی ہوں لیکن آپکو بے بی کہہ کے بلانا چاہیے کیونکہ آپ بہت حساس اور نازک ہیں ۔ اور ایک قسم اس مخلوق کی بھی جو چاہتی ہیں کہ وہ میسنجر میں آکے سلام جھاڑیں تو میں سلام کے جواب میں ان پہ سلامتی بھیجوں ۔ افشوا السلام بہت اہم بات ہے لیکن یہ فیس بک کے لیے ہر گز نہیں ۔ جہاں نور العین کے پردے میں سے عبد الغفور بر آمد ہونے کا خدشہ ہے ۔ اور محمد ابراہیم کے لبادے میں کوئی نیک پروین موجود ہوتی ہیں ۔ اگر آپ واقعی کوئی سنجیدہ بات کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تو ایک پورا میسج لکھیں جس میں آپکا تعارف مدعا اور مقصد بیان ہو ۔ ورنہ آپ سے دوستی کی خاطر میں آپ سے سلام دعا رکھوں تو میرے پاس نہ تو وقت ہے نہ ہی میں بہت سوشل ہوں اور نہ ہی کسی کو کوئی بہتر صلاح مشورہ دے سکتی ہوں ۔ اپنے دائرہ کار میں اگر کچھ ممکن ہو تو وہ کرنا ہی میں کافی خیال کرتی ہوں ۔ عمر کے اس حصے میں گھر سے باہر کی دنیا سے جی بھر چکا ہوتا ہے ۔

اب بس آپ یادِ اللہ میں مشغول ہو کے زندگی کے باقی دن گزارنا چاہتے ہیں ۔ تو جن لوگوں کا کہنا ہے کہ انھیں ڈر لگتا ہے انھیں ڈرتے رہنا چاہیے کیونکہ ڈر بھی ایک اچھی کیفیت ہے ۔ جس کی وجہ سے بہت سے شر آپ سے دور رہتے ہیں ۔ آپ کون ہیں ۔ کتنی اچھی اور نیک ہیں یہ فقط آپ جانتی ہیں ۔ جب تک آپ سے تعارف حاصل نہیں ہو جاتا بات نہیں ہو جاتی میں آپکی نیک نامی سے ہر گز واقف نہیں ہو سکتی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں