بھٹکا ہوا آہو – عظمی’عمران




ابھی فیس بک پر سو کے قریب پوسٹ لایک کی ہیں …..! چار گھنٹے سے بیٹھی آنسو بہا رہی ہے ، ویڈیوز دیکھ دیکھ کر ….! پندرہ ٹویٹ کیے ہیں “آقا ص پر میری جان قربان” …. ! سب کام پڑے ہیں گھر کے ، کچھ کرنے کا دل ہی نہیں چاھتا….! کیونکہ فرانس کا ایک صفحہ نظر سے گزر گیا ہے ….! فرانس نے بہت ہی برا کیا ہے ….!

اس نے دل میں سوچا ….! اف آنکھوں میں کانٹے چبھنے لگے ہیں ….! بے چینی سے اٹھتی ہ ے…. چکر کاٹ کاٹ کر ایڑیاں پھٹ گئی ہیں ….! بے دم ہو کر بیٹھتی ہےتو دل اور بے قابو ہو جاتا ہے …..! درود پڑھتی ہے کہ کچھ سکون ملے …! دس ہزار والی تسبیح شروع کر لی ہے …..! دل تو نہیں چاہ رہا لیکن کام منتظر ہیں . بچے کھانے کے منتظر ہیں …! سو اٹھتی ہے کہ “ہائپر سٹار” سے گروسری لے آئے … “کینڈی بسکٹ اور گالا” کےدو ڈبے اٹھائے ہیں ….! ہیپی کاو تو نہیں مل رہا چلو “دی لافنگ کاو” کا چیز بنڈل لے لیتی ہوں ….! کچھ اور چیزیں ٹرالی میں ڈال واپسی کی راہ لی تو “e. l. f” کی میک اپ کٹ پر نظر پڑی ….. پروموشن پر تھی … آدھی سے بھی کم قیمت …. خوشی خوشی اٹھا لی کہ دو چار دن بعد بہن کی سالگرہ آ رہی تو خوبصورت پیکنگ کا برانڈڈ گفٹ مل گیا…..!

واپسی پر گاڑی کا پٹرول آخری لکیر پر پہنچا کھڑا تھا تو” ٹوٹل” کے پٹرول پمپ سے اپنی پیاری “الپینو” کار کا ٹینک فل کرایا. . . !
گھرآتے ہی “مونلینکس” کے چاپر میں پیاز چاپ کیے اور” ٹفل”کے فرائ پین میں آملیٹ تیار کیا…! رات بستر پر لیٹتے ہی خیال آیا کہ دس ہزار والی تسبیح مکمل کرنی ہے ….. تو اپنا تھکا ماندہ وجود سمیٹتی تسبیح کے دانے گرانے لگی …..! اور ساتھ ہی ساتھ آنکھوں سے بھی موتی گرنے لگے….! فرانس نے بہت ہی برا کیا…..! اس نے دل میں سوچا…..!

کوئی ہے جو اس بے عمل ، بھٹکی ہوئی محبت کو رخ عطا کر دے ؟ کوئی ہے جو ان خام انسانوں کو کندن بنا دے ؟

اپنا تبصرہ بھیجیں