Home » اندھی گولیاں – عالیہ عثمان
بلاگز

اندھی گولیاں – عالیہ عثمان

گیٹ کی بیل بجی اور دس سالہ اسید گیٹ کھلنے پر خاموشی سے اندر داخل ہو کر سلام کر کے اپنے کمرے میں چلا گیا ۔اب ماما حیرانی سے اسے دیکھ رہی تھیں ،اتنا نٹکھٹ بچہ گیٹ جب تک نہ کھل جائے بیل پہ سے ہاتھ نہیں ہٹاتا تھا اتنی خاموشی ،چہ معنی دارد۔کھانے کے بعد اتنی سنجیدگی کی وجہ دریافت کرنے کی دیر تھی کہ وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا.

کافی دیر بعد کچھ بتانے کے قابل ہوا تو مجھ سے لپٹ کر بولا ماما اگر کوئی اچانک اس دنیا سے چلا جائے یا فرض کریں میں آپ سے دور ہو جاؤں تو آپ کا کیا حال ہوگا ۔ بچے تم کیسی باتیں کر رہے ہو بیٹا کچھ بتاؤ توسہی کیا ہوا، ماما میری ٹیوشن والی ٹیچر نے بتایا ہے کہ کل رات نئے سال کی خوشی میں جو آتش بازی اور فائرنگ ہو رہی تھی اس میں بہت لوگ زخمی ہوئے ہیں اور گولی میری عمر کے ایک بچے کے سر میں لگی اور وہ وہیں گھر کے دروازے پر گر گیا ۔اور وہ اپنے ماں باپ ،بہن ،دادی سب کو روتا ہوا چھوڑ کر اللہ تعالیٰ کے پاس چلا گیا. ماما وہ تو کہیں باہر دوستوں میں بھی نہیں گیا تھا اپنے بابا کے ساتھ گھر کے دروازے میں کھڑا تھااس کو گولی لگ گئی یہ کیا بات ہوئی ہم اپنے گھر میں بھی محفوظ نہیں۔ فائرنگ کرنے والے لوگ کیوں ایسا کرتے ہیں انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے ٹیچر ہمیں یہی سمجھا رہی تھیں کہ خوشیاں اس طرح نہیں منائی جاتیں اور آپ لوگ ایسے موقعوں پر گھر میں رہا کریں باہر نہ نکلا کریں. افسوس تو ہم سب کو بہت ہے خاص کر معصوم بچے زیادہ سہم جاتے ہیں ذرا سی خوشی کے لئے کتنے گھروں کے چراغ گل ہو جاتے ہیں. چلو آتش بازی کی حد تک تو صحیح ہے لیکن فائرنگ سے کافی نقصانات ہوتے ہیں.

منچلے کبھی شادی کے موقع پر فائرنگ کرتے ہیں ابھی حال ہی میں دولہا سمیت کئی لوگ زخمی ہوگئے تھے۔ سال نو پر سخت پابندیاں بھی لگائیں، اور دفعہ 144 کےنفاذ کے باوجودکافی علاقوں میں فائرنگ کے واقعات ہوئے. عوام کو بھی اس بات کا احترام کرنا چاہیئے کہ اپنے ملک کی سالمیت کو برقرار رکھنےمیں وہ کیا کردار ادا کر سکتے ہیں یہ سب اپنی مدد آپ کے زمرے میں آتاہے. اسلحہ پر پابندی لگنی چاہیے سب شتر بے مہاراسلحے سے لیس پھرتے ہیں.

شب برات ہو یا 14 اگست یا شادی بیاہ کے ایونٹ فائرنگ کو لازمی جز سمجھ لیا گیا ہے. سب کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔۔ فائرنگ کی اندھی گولیاں ہنستے بستے گھر اجاڑ کر رکھ دیتی ہیں. اللہ تعالی سب کو ہدایت عطا فرمائے سب کے گھر والوں کو سلامت رکھے آمین. آزادئ اظہار و عمل اور توکیا ہو مشکل ہے نئے سال کا تہوار منانا

Add Comment

Click here to post a comment