Home » زندگی کے مہکتے پھول – حنا سہیل
بلاگز

زندگی کے مہکتے پھول – حنا سہیل

کل جب صبح چہل قدمی کے لئے نکلی تو مختلف انواع و اقسام کے پھولوں کو دیکھ کر ایسے ہی دل میں ایک خیال آیا ، ہماری زندگی میں کچھ لوگ بالکل کیکٹس کی طرح ہوتے ہیں، ان کے رویہ میں ، عادتوں میں، باتوں میں کانٹے کانٹے ہوتے ہیں ، ہم ان کی طرف دیکھتے ہیں حیران کن شخصیت لیکن پاس جانے کی ہمت نہیں کرتے ، کیونکہ چاروں اطراف غرور اور انا کے کانٹے نکلے ہوئے ہوتے ہیں جو چبھنے کا خدشہ رہتا ہے ، _ ریگستانوں میں لگنے والا پودا کیکٹس اگر آپ نے دیکھا ہو تو آپکو حیران کر دینے والا پودا ہے کہ کم پانی کے ساتھ یا بغیر پانی کے ریگستان میں اگتا ہے اور خشک کانٹوں سے بھرا ہوا ہوتا ہے ،

ہماری زندگی میں کچھ لوگ گلاب کے پھولوں کی طرح بھی آتے ہیں جن کی خوشبو اور خوبصورتی ہمیں اپنی طرف کھینچتی ہے مگر جب ہم گلاب توڑنا چاہیں گے تو کانٹے بھی چبھیں گے ، لیکن گلاب کی خوشبو اور خوبصورتی ہمیں اپنی طرف متوجہ کرتی ہے ہم انکے ساتھ میں خوشی محسوس کرتے ہیں اکثر ان میں آپکے استاد ہوتے ہیں یا جو آپ کو ذندگی کے بارے میں سکھا رہے ہوتے ہیں انک زندگی میں جو کانٹے ہیں وہ ہی ہیں جو انھوں نے علم حاصل کرنے میں اور ذندگی کی جدوجہد میں ملے ہیں، انکے اندر یہ خوشبو اور خوبصورتی جو علم کی ہے وہ کتنے زخموں کے بعد حاصل ہوئی ہے ، کتنے کانٹے چبھے ہیں زندگی میں تو وہ علم کی خوشبو باٹنے والے بنے ہیں ، زندگی میں کچھ لوگ بوگن ولا اور سدا بہار کے پھولوں کی طرح ہوتے ہیں بس دور سے اچھے لگتے ہیں پاس جاؤ تو کوئی نفع نقصان نہیں ہوتا ، لیکن اگر آپ کبھی کنیر کے پنک پھولوں کے پاس کھڑے ہوجائیں تو انکی کڑواہٹ کی بو اپکو محسوس ہوگی اسی طرح جب کچھ لوگ بولیں گے تو کڑوا ہی بولیں گے چاہیے آپ ان سے کتنی ہی میٹھی باتیں کرلیں اور مٹھائیاں کھلا دیں انکی زبان کی کڑواہٹ کبھی ختم نہیں ہوتی _

ذندگی میں کچھ لوگ تو بالکل موتیا، چنبیلی کی طرح خوشبو پھیلانے والے آتے ہیں ان کے آنے سے زندگی میں سکون اجاتا ہے اطمینان آجاتاہے اور پاکیزگی کا احساس ہوتا ہے ، سفید پھولوں کی طرح سفید بے داغ محبت کرنے والے ، آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ زندگی میں کچھ لوگ بالکل رات کی رانی کی طرح ہوتے ہیں جیسے رات کی رانی پورے محلے میں ایک جگہ لگی ہوتی ہے مگر اسکی خوشبو سے پورا محلہ مہک رہا ہوتا ہے ، کبھی آنکھیں بند کرکے سوچیں کہ اتنی پیاری خوشبو جو پورے خاندان کو مہکا دے کونسی ہوگی جی ہاں ہمارے والدین کی خوشبو آنکھیں بند کرکے تصور کریں کہ آپکی امی یا نانی سامنے ہیں ، اور بالکل اسی طرح انکی مہک چاروں طرف پھیلی ہوئی ہے ، پورا خاندان ان کے قیمتی مشوروں سے فائدہ اٹھارہا ہے _ بس ذندگی کو ایک خوبصورت گلدستہ کی طرح سجاتے چلے جائیں ، اور اپنی زندگی کو مہکتے پھولوں کی طرح بناتے رہیں ،