Home » وقت تمہارے ہاتھ میں ہے – ایمن طارق
بلاگز

وقت تمہارے ہاتھ میں ہے – ایمن طارق

اتنا بڑا چیلینج تو کبھی نہیں دیکھا ،تصور نہیں کیا اب پریشانی ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کچھ بھی نہیں بچے گا خالی خالی سا اور پھر ہم پچھتاتے رہ جائیں گے لیکن دیکھو اپنے اندر جھانکو وہی تم ہو بس کچھ دیر کے لیے آنکھیں نم ہیں ہاتھوں میں پسینہ آگیا ہے اور دل بھی تیز دھڑکتا ہے لیکن ابھی گھبرا کر بھاگ جانے یا پریشان ہوکر الجھ جانے کی ضرورت نہیں یہیں ٹہرو خود کو محسوس کرو لمحہ موجود میں زندہ رہو یہ زندگی موت کا سوال نہیں

اگر یہ مشکل آہی گئی ہے تو ابھی زندگی تو باقی ہے وقت تمہارے ہاتھ میں ہے کسی کو تم ناکام نظر آتے ہو تو شاید وہ نہیں جانتا کہ ایک ناکامی سے پوری زندگی ناکام نہیں ہوجاتی جیسے ایک کامیابی سے انسان ہر میدان میں کامیاب نہیں ہوجاتا کوئی تمہیں بزدل کہتا ہے تو منہ پھیر کر مسکرادو کیونکہ اُس نے تنہاری ہمت نہیں دیکھی اور کوئی تمہیں بدصورت کہے تو جان لو وہ تمہیں ایک ہی اینگل سیٹ کرکے دیکھ رہا ہے جہاں اُس جانب شاید اندھیرا ہے ۔ وہ اپنا اینگل بدلے گا تو اُس کو خوبصورتی نظر آۓ گی اور پھر کیا ہوا کوشش کی تھی لیکن اگر وہ نہ مل سکا جو چاہا تھا ، وہ نہ بناسکے جس کی تعمیر شروع کی تھی تو ابھی سب کچھ داو پر نہیں لگا لمحہ موجود میں واپس آؤ اور دیکھو ابھی تم اُسی زمین پر ہو پھر کیا ہوا کہ کچھ لمحے بادل سرک گۓ اور دھوپ سر پر آگئی ۔ وہ کیا کہتے ہیں وہ کیا کہیں گے وہ کیا سمجھیں گے اس کو مائنس کردو تم کیا ہو تم کیا کرسکتے ہو تمہاری طاقت کیا ہے اس پر توجہ دو اپنی تشریح خود کرو اور اپنی ڈکشنری خود بنو کسی اور کے محتاج نہ بنو کہ وہ تمہارے وجود کو اپنے مطلب کا رنگ دے ۔ بہت آگے چلے گۓ ہو لیکن واپس آجاو لمحہ موجود میں کچھ دیر لگے گی دل کی دھڑکن پھر نارمل ہوگی پسینہ خشک ہوگا طاقت بحال ہوگی آہستہ آہستہ یاد آۓ گا کہ بہت کچھ ہوسکتا ہے اگر وقت کی مہلت ہے دعا کا ہتھیار ہے اور آگے بڑھ جانے کا حوصلہ ہے ۔