ہماری بہنیں مائیں بیٹیاں,ہر محاذ پر موجود ہیں – زبیر منصوری




سڑک سے گزرا تو “حجاب ڈے “کے بینر پر نظر پڑ گئی! میں سوچ میں پڑ گیا کہ ہماری بہنیں بھی مرشد کی سچی پیروکار ہیں . مرشد کہہ گیا تھا کہ ضرورت پڑی تو ہم 12 محاذوں پر بھی لڑیں گے ۔
باطل کے لئے لوہے کی چنے ثابت ہوں گے ، ان بہنوں نے اس بات کو پلو سے باندھ لیا اور لگ گئیں کام سے ۔۔۔۔۔۔ ابھی کل ہی انہوں نے 31 ممالک کی 41 شرکا کے ساتھ اپنی قیمہ دردانہ صدیقی بہن کی صدارت میں حجاب پر کامیاب ویبینار کیا ہے ۔
یہ دن بھر گھروں کو سنبھالتی اور بچوں کو وقت دیتی ہیں ۔ اسی دوران نہ جانے کس طرح اپنے پروگرامات کرتی ہیں ۔ بلا مبالغہ پورے ملک میں ہر مہینے ان کے سینکڑوں درس قرآن ہوتے ہیں ۔ لاکھوں روپے اعانت جمع کرتی ہیں لٹریچر پڑھتی اور بانٹتی ہیں ۔
رمضان آ جائے تو گویا بہار آ جاتی ہے یہ افطار وسحر کے ساتھ قرآن کی محفلیں سجاتی ہیں ترجمہ قرآن کرواتی ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ کشمیر ہو یا فلسطین انہیں جب بلایا جاتا ہے , یہ سخت گرمی ہو یا بارش بسوں میں بھر کر اپنی امت سےوفاداری ثابت کرنے چلی آتی ہیں ۔ سیلاب ہو یا قحط و زلزلہ یہ اپنی بہنوں کے لئے دن رات ایک کر دیتی ہیں ۔
اپنے پسندیدہ گہنے اور زیور جھولی فنڈ میں ڈال کر لن تنالواالبر ۔۔۔۔۔۔۔ الخ کی مثال بن جاتی ہیں ۔ الیکشن کے دنوں میں تو ان کی آزمائش اور بڑھ جاتی ہے ۔ یہ ننھے ننھے بچے سنبھالے , سخت گرم موسموں میں مکمل حجاب سے ڈھکی , ایک ایک گھر کا دروازہ کھٹکھٹاتی ہیں اور اللہ کے نام پر ایماندار قیادت کے لئے ووٹ مانگتی ہیں ۔
اور پھر کبھی تو بارہ مئی جیسے ہولناک دنوں میں لیاقت آباد اور اورنگی کے خطرناک اندرونی علاقوں میں جان ہتھیلی پر رکھ کر پولنگ ایجنٹ بنتی اور ایم کیو ایم کے غنڈوں کو چیلنج کرتی نظر آتی ہیں ۔
وہ ہماری امت الرقیب خالہ اب تو شاید کہیں بزرگی نے انہیں بے بس کر دیا ہو گا مگر انہوں نے پوری ٹیم بنا کر کراچی سے مانسہرہ تک برسوں کی محنت سے جامعات المحصنات کا جال بچھا دیا ہے ۔ یہ بہنیں جنہوں نے اربوں روپے کے اثاثے خیر کے کاموں کے لئے کھڑے کر دئیے خود نہایت ایمانداری سے آنے پائیوں کا حساب رکھتی ہیں ۔
میڈیا کے محاذ پر ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی صاحبہ قاضی صاحب کا صدقہ جاریہ بنی ماروی سرمدوں کے لئے کہیں تلوار اور کہیں سیسہ پلائی دیوار نظر آتی ہیں ۔ مرشد آپ کی بیٹیاں ہر ہر محاذ پر اللہ اور اس کے دین رسول اللہ ص اور ان کی امت کے ساتھ روز اپنی غیر مشروط وفا داری ثابت کرتی ہیں , یہ سب آپ کا صدقہ جاریہ ہیں.
اللہ ان کو اپنی حفاظت کی خاص چادر عطا فرما …….. اللہ صحت دے ……. اللہ عافیت میں رکھ ……. اللہ امت کو ان کی قدر کی توفیق عطا فرما دے .

اپنا تبصرہ بھیجیں