کویت: اِردوان کی نئے امیر سے ملاقات‘ مشعل الاحمد ولی عہد مقرر




کویت: صدر رجب طیب اردوان شیخ نواف الاحمد الصباح سے تعزیت کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر ولی عہد مشعل الاحمد کی ہے

کویت سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اِردوان، شیخ صباح کے انتقال پر تعزیت کے لیے کویت پہنچ گئے، جہاں انہوں نے کویت کے نئے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کے ساتھ ملاقات کی اور شیخ صباح مرحوم کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے علاوہ علاقائی اور عالمی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق ترک صدر کویت کے بعد دوحہ روانہ ہوئے، جہاں انہوں نے امیر قطر شیخ تمیم بن حامد الثانی سے ملاقات کی۔ ترک حکام کے مطابق قطری قیادت سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور علاقائی و بین الاقوامی موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دوسری جانب کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح نے بدھ کے روز ایک شاہی فرمان جاری کیا ہے، جس میں نیشنل گارڈز کے نائب سربراہ شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا ولی عہد مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق آل صُباح خاندان نے شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کو کویت کا ولی عہد بننے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ شیخ مشعل امیر کویت کے چھوٹے بھائی ہیں۔ انہوں نے برطانیہ میں تعلیم حاصل کی اور 1960ء میں ہینڈن پولیس کالج سے فارغ التحصیل ہوئے۔ تعلیم کے بعد انہوں نے کویت میں کئی سیکورٹی عہدے سنبھالے، تاہم بطور ولی عہد انہیں حتمی منظوری پارلیمان سے حاصل کرنا ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں