ٹرمپ نے امریکا کی جنگوں کو فضول قرار دے دیا – Urdu News – Today News




فلوریڈا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی کے دوران اپنے حامیوں کے سامنے خود کو صحت مند وپُرجوش دکھانے کی کوشش کررہے ہیں

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ملک کی جاری کئی جنگوں کو فضول قرار دے دیا۔ اپنی انتخابی مہم کے دوران فلوریڈا کے شہر سینڈفورڈ میں پیر کے روز ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کو دنیا کی فضول جنگوں سے باہر نکالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم ان بے نتیجہ جنگوں کے بجائے مشرقِ وسطیٰ میں امن لا رہے ہیں۔ ان کا اشارہ اسرائیل کے ساتھ مزید عرب ممالک کے معاہدوں کی جانب تھا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ4سال کی نسبت اس بار بڑی کامیابی ملے گی، کیوں کہ ہم 2016ء کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کامظاہرہ کر رہے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں کورونا سے مکمل صحت یاب ہو چکا ہوں اور بہت زیادہ طاقت ور محسوس کررہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ انتخابات امریکی تاریخ کے سب سے اہم انتخابات ہیں۔ انہوں نے اپنے حریف کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن اچھا آدمی نہیں ہے۔ وہ بھول گیا کہ کون سی ریاست میں خطاب کررہا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ میں سینیٹ کے انتخا ب لڑ رہا ہوں۔ خیال رہے کہ نومبر میں امریکا میں انتخابات ہوں گے اور جوبائیڈن صدر ٹرمپ کے لیے سخت حریف ثابت ہو رہے ہیں۔ صدارتی انتخابات سے پہلے ہونے والے پول سروے کے مطابق ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔ پولز کے مطابق جوبائیڈن53 اور ٹرمپ کو42 فیصد حمایت حاصل ہے، لیکن اس برتری کی بنیاد پر ہار جیت کا فیصلہ نہیں ہوسکتا۔ 2016ء کے پولز میں ہیلری کلنٹن کو برتری حاصل تھی، لیکن وہ الیکشن ہار گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں