امریکی صدارتی انتخابات: ٹوئٹر نے ٹرمپ کے متعدد حامی اکاؤنٹس معطل کردیے – Urdu News – Today News




سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد جعلی حامی اکاؤنٹس معطل کردیے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ کے حامی اکاؤنٹس افریقن امریکیوں کے نام پر بنائے گئے تھے جنہیں معطل کردیا گیا ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق جعلی حامی اکاؤنٹس سے کیے گئے ٹوئٹس کو دیگر صارفین نے ہزاروں مرتبہ پسند اور شیئر کیا۔ اکاؤنٹس کے چند دنوں میں ہزاروں فالورز ہوگئے۔

ٹوئٹر کمپنی کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیمیں اس سرگرمی کی تحقیقات کر رہی ہیں۔ حامی اکاؤنٹس میں قواعد کی خلاف ورزی پائی گئی تو کارروائی کریں گے۔

امریکی صدارتی انتخابات کے لیے ٹوئٹر کا ایکشن پلان

ٹوئٹر نے 3 نومبر 2020 کو امریکا میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے متعلق جھوٹی خبروں کی روک تھام کے لیے ایکشن پلان ترتیب دے رکھا ہے۔

کمپنی 17 سمتبر سے جھوٹی، غلط اور گمران کن معلومات کو ٹوئٹر سے ہٹا رہی ہے تاکہ امریکی عوام پریشانی کا شکار نہ ہوں۔

ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایسے مواد کو ہٹانا ہے جس سے عوام کے ووٹوں کی حفاظت کی جاسکے، ٹوئٹر پر گمراہ کن پوسٹس سے لوگ دباؤ کا شکار بھی ہوجاتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ایسی معلومات کے خلاف کارروائی کرے گی جو شہری عمل کے قوانین اور ضوابط کے بارے میں الجھن کا سبب بنے گی۔

ٹوئٹر کے ان اقدامات سے انتخابی دھاندلی، بیلٹ میں چھیڑ چھاڑ، ووٹ کی گنتی یا انتخابی نتائج کے بارے میں غیر مصدقہ معلومات کے دعوے ختم ہوجائیں گے۔

کمپنی نے مزید کہا کہ ٹوئٹر شہری عمل کو کسی طور بھی متاثر کرنے کے حق میں نہیں، خاص کر انتخابات کے دوران۔

ٹوئٹر نے کہا کہ امریکی انتخابات کے دوران جھوٹی معلومات پھیلانے والے کو ہمارے سخت قوانین کا سامنا کرنا ہوگا، یہ قوانین سب کے لیے یکساں ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں