ایئرہوسٹس کو 700 ٹیلی فون نمبرز سے ہراساں کرنے والا طالب علم گرفتار –




نئی دہلی: بھارتی ریاست اتراکھنڈ پولیس نے ایئر ہوسٹس کو سات سو سے مختلف موبائل فون نمبروں سے کال کرنے اور فحش پیغامات بھیجنے پر ایک طالب علم کو گرفتار کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق طالب علم کی گرفتاری اتراکھنڈ ریاست کے علاقے کوتوالی سے عمل میں لائی گئی ہے، طالب علم پر الزام ہے کہ اس نے ایئر ہوسٹس کو سات سو مختلف ٹیلی فونز نمبر سے کالز کرتے ہوئے فحش پیغامات بھیجے تھے۔

مقامی پولیس کے مطابق مقدمے کی درخواست ایئر ہوسٹس کے والد کی جانب سے دی گئی تھی، جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ روہت نامی طالب علم ایک عرصے سے مختلف فون نمبرز کے زریعے میری بیٹی کو فحش پیغامات بھیج رہا ہے، ملزم نے میری بیٹی کو شادی کی پیش کش بھی کی، انکار کرنے پر تیزاب پھینکنے اور عصمت دری کرنے کی دھمکیاں بھی دیں۔

متاثرہ ایئر ہوسٹس کے والد نے پولیس کو بتایا کہ دو سال قبل میری بیٹی اور اس کی دوست نے ملزم روہت کی مدد سے بریلی سے ٹرین کا ٹکٹ بک کرایا تھا، بعد ازاں ملزم نے میری بیٹی کے بارے میں مکمل معلومات اور موبائل نمبر لے لیا اور مختلف حیلے بہانے سے فون کرنا شروع کردیا، یہی نہیں ملزم کسی نہ کسی بہانے سے مختلف افراد سے موبائل لے کر غیر اخلاقی میسجز بھیجتا تھا۔

ایئر ہوسٹس کے والد کی جانب سے شکایات موصول ہونے پر پولیس نے ملزم روہت سکسینہ کو اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کرتے ہوئے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، اور مزید معلومات کے حصول کے لئے ملزم کا موبائل فون ضبط کرنے کے بعد اسے فرانزک ٹیسٹ کے لیے لیبارٹری بھیج دیا ہے۔

Comments

اپنا تبصرہ بھیجیں