بیرونِ ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کیلئے ایس او پیز جاری




ریاض: سعودی وزارت حج و عمرہ نے بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے ایس او پیز(احتیاطی تدابیر) جاری کردیے ہیں جن پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔

سعودی وزارت حج وعمرہ نے اپنے ایس او پیز میں کہا ہے کہ صرف 18 سے 50 برس کے زائرین عمرے کے لیے آ سکتے ہیں، زائرین کو کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا ضروری ہے، پی سی آر سرٹیفکیٹ(کرونارپورٹ) میں یہ بھی شرط عائد کی گئی ہے کہ اس رپورٹ کے 72 گھنٹے سے زائد نہ گزرے ہوں۔

اپیس او پیز کے مطابق مسجد الحرام میں عمرہ اور نماز نیز مسجد نبوی کی زیارت اور روضہ شریفہ میں نماز کے لیے پیشگی بکنگ کرانا ہوگی، یہ بکنگ اعتمرنا ایپ کے ذریعے کرائی جائے گی۔

عمرے کے لیے آنے والے زائرین کے پاس واپسی کا کنفرم ٹکٹ بھی ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے، مملکت آنے کے بعد تین دن کی آئسولیشن ہوگی جس میں کھانے پینے کے حوالے سے بھی خاص جائزہ لیا جائے گا۔

دریں اثنا اس بات پر بھی زور دیا گیا ہے عمرہ کمپنی اور ادارے زائرین کی پاسپورٹ اور ٹکٹ کی معلومات متعلقہ ادارے تک پہنچائیں گے، اور یہ کام مملکت آنے سے 34 گھنٹے قبل تک مکمل کرنا ہوگا۔

بیرونِ ممالک عازمین کو یکم نومبر سے عمرے کی اجازت

خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کی وزارت حج اور عمرہ نے اس بات کی تصدیق کی کہ عالمی ممالک کے زائرین 1 نومبر بروز اتوار سے عمرہ ادا کرسکیں گے۔

سعودی حکومت نے سات ماہ کی پابندی کے بعد مقامی شہریوں کو عمرہ ادائیگی کی اجازت رواں ماہ کے آغاز پر دی، پہلے مرحلے میں روزانہ 6 ہزار سعودی زائرین نے 6 مختلف اوقات میں عمرہ ادا کیا۔

Comments

اپنا تبصرہ بھیجیں