ترک فلسطین کی آزادی کے لئے ہر فورم پرآواز اٹھائے گا، صدر ایردوان – Urdu News – Today News




انقرہ:  ترک صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی، اس کے مقبوضہ علاقوں کی واپسی اور اسرائیلی مظالم کو ختم کروانے کے لئے ترکی دنیا کے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتا رہے گا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس  کے مطابق صدر طیب ایردوان کا پیغام استنبول میں “لیگ آف پارلیمنٹیرینز فار القدس” کی ایک افتتاحی تقریب میں پڑھ کر سنایا گیا جو فلسطین کی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے منعقد کی گئی تھی۔

ترک صدر نے کہا کہ یروشلم صرف فلسطین کے مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ دنیا بھر کے ایک ارب 80 کروڑ مسلمانوں کی دلوں میں بستا ہے، ترکی فلسطین کی آزادی اور مشرقی یروشلم کو اس کا دارالحکومت بنانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے مزید کہاکہ  اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور عرب امن بحالی کے طے شدہ اصولوں کے مطابق ترکی عالمی سطح پر ہر فورم اور ہر میدان میں فلسطین کا مقدمہ لڑے گا۔

رجب طیب ایردوان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کو 1967 کے سرحدی معاہدے کے تحت فلسطین کی ایک الگ آزاد اور خود مختار ریاست کو قائم کرنا ہی ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں