Home » میانمار میں فوج کا مظاہرین پر حملہ، 80 سے زیادہ افراد ہلاک
حالات حاضرہ

میانمار میں فوج کا مظاہرین پر حملہ، 80 سے زیادہ افراد ہلاک

رنگون: میانمار کے شہر بھاگو میں مظاہروں پر سکیورٹی فورسز کے کریک ڈان میں 80 سے زیادہ افراد ہلاک ہو ئے ہیں، مظاہرین فوج کی  طرف سے ایمرجنسی نافذ کرنے کے خلاف احتجاج کررہے تھے جب ان پر حملہ کیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے  مطابق مرنے والوں کی لاشیں فوجی اپنے ساتھ لے گئے ہیں جس کی وجہ سے شاید ہلاکتوں کی صحیح تعداد کے بارے میں علم بھی نہ ہو سکے جبکہ عینی شاہدین نے مقامی میڈیا کو بتایا ہےکہ فوجیوں نے بھاری اسلحہ کا استعمال کیا اور جو بھی چیز حرکت کرتی اسے گولی مار دی جاتی۔

دوسری جانب رنگون کے قریبی شہر بھاگو میں ہونے والی تازہ ہلاکتیں جمعہ کے روز ہوئیں تاہم وہاں سے تفصیلات باہر آنے میں ایک دن لگ گیا جبکہ یہاں کے رہائشی قریبی دیہاتوں میں فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔

نگراں گروہوں نے اسسٹنٹ ایسوسی ایشن فار پولیٹیکل پرزنرز کو بتایا ہےکہ ہلاکتوں کی صحیح تعداد شاید بہت زیادہ ہو جبکہ مظاہرے کے منتظمین میں سے ایک کا کہنا تھا کہ یہ قتل عام کی طرح ہے وہ ہر سائے تک کو گولی مار رہے تھے اور کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔

یاد رہے میانمار جسے برما کے نام سے بھی پہچانا جاتا ہے وہاں یکم فروری کو فوج کی جانب سے اقتدار پر قبضہ کرنے اور ایک سال تک ایمرجنسی نافذ کرنے کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔

فوج کا کہنا ہےکہ انھیں گذشتہ برس ہونے والے عام انتخابات کے دوران فراڈ کی اطلاعات ملی ہیں، انتخابات میں نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کی رہنما آنگ سان سوچی کامیاب ہو کر اقتدار میں آئی تھیں تاہم اس الزام کی الیکشن کمیشن نے تردید کی ہے۔

جمعے کو میانمار کے معزول ارکان اسمبلی اور قوامِ متحدہ میں ملک کے سفیر نے میں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کی فوج کے خلاف کارروائی کرے جس میں پابندیوں کے علاوہ اسلحے پر پابندی اور نو فلائی زون شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے اجلاس میں خبردار کیا گیا ہے کہ میانمار ریاست کی ناکامی کے دہانے پر ہے جبکہ انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے سینئر مشیر رچرڈ ہار سے کا کہنا ہے کہ فوج کے اقدامات سے ایسی صورت حال پیدا ہو رہی ہے جس سے کوئی ملک ناقابل حکمرانی یا بے لگام ہو جاتا ہے۔

The post میانمار میں فوج کا مظاہرین پر حملہ، 80 سے زیادہ افراد ہلاک appeared first on Daily Jasarat News.