Home » مسجد الحرام میں کورونا روک تھام کیلیے تھرمل کیمرے نصب
حالات حاضرہ

مسجد الحرام میں کورونا روک تھام کیلیے تھرمل کیمرے نصب

ریاض: سعودی عرب میں ادارہ امور حرمین شریفین نے مسجد الحرام میں آنے والوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کرنے کےلیے 70 تھرمل کیمرے نصب کیے ہیں جن کی نگرانی پر 500 افراد کو مامور کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام میں ادارہ انسداد وبائی امراض کے ڈائریکٹر حسن بن برکات السویھری نے بتایا ہےکہ جدید ترین تھرمل کیمروں کی مدد سے وہاں آنے والوں کا جسمانی درجہ حرارت فوری طورپر نوٹ کیا جا سکے گا۔

ڈائریکٹر حسن بن برکات السویھری کا کہنا ہے کہ کیمرے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں جو کلر کوڈنگ کے ذریعے آنے والوں کے جسمانی درجہ حرارت کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ادارہ انسداد وبائی امراض کے مطابق جدید ترین کیمرے 6 میٹر کی دوری سے بھی جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کر سکتے ہیں جس سے اس امر کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ آنے والے شخص کو بخار تو نہیں اگر کسی زائر کا جسمانی درجہ حرارت بڑھا ہوا ہو تو کارکن احتیاطی تدابیر کے تحت اسے فوری طور پر دوسروں سے الگ کر دیتے ہیں اور ان کو ایمرجنسی میڈیکل سینٹرز بھیج دیا جاتا ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری انتظامیہ محمد الجابری نے بتایا ہےکہ زائرین کی آسانی کے لیے مختلف قسم  کے پروگرام تیار کیے گئے ہیں تاکہ عمرہ اور نماز کے لیے آنے والوں کو معیاری خدمات حاصل ہوسکیں جبکہ بغیر قالین والا فرش زائرین کی صحت و سلامتی کی خاطر دن میں 10 مرتبہ دھویا جائے گا۔

سیکریٹری انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام کے تمام حصوں میں آب زمزم کی بوتلیں تقسیم کی جائیں گی اور  زائرین کی آمد و رفت کے عمل کو منظم کیا جائے گا اور ہر دروازے پر سیکیورٹی گارڈز نمازیوں کی رہنمائی کریں گے اور انہیں بتائیں گے کہ وہ کہاں نماز ادا کرسکتے ہیں۔

خیال رہے مسجد الحرام میں 24 گھنٹے سینیٹائزنگ کا سلسلہ رکھا جائے گا اور تمام فرش، چھتیں، دیواریں، کھلے مقامات کی وقفے وقفے سے سینیٹائزنگ ہوگی جبکہ اندراور بیرونی صحنوں میں روشنی، پھوار پھینکنے والے پنکھوں اور صاف ستھری ہوا کا انتظام کرنے والے یونٹس چلانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔

واضح رہے حرم شریف میں داخلے کے تمام دروازوں پر درجہ حرارت چیک کرنے والے آلات نصب کر دیے گئے ہیں اور استقبالیہ مراکز میں تربیت یافتہ اہلکار تعینات ہیں اور تیسرے توسیع والے حصے میں کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

یاد رہے مقدس مساجد کی انتظامیہ کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس کا کہنا تھاکہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں رمضان کے دوران اجتماعی افطار اور اعتکاف پر مکمل پابندی رہے گی اور  اس سال مقدس مساجد کے لیے رمضان پروگرام کورونا وبا سے بچاؤ کے اصول پر تیار کیا گیا ہے۔

The post مسجد الحرام میں کورونا روک تھام کیلیے تھرمل کیمرے نصب appeared first on Daily Jasarat News.