کورونا وائرس: شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا 9 ارب ریال کا امدادی پیکج مختص کرنے کا اعلان




ریاض: (03 اپریل 2020) سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے کورونا وائرس کے حوالے سے پیدا ہونے والی موجودہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متاثر ہونے والے نجی شعبے کی معاونت کیلئے 9 ارب ریال کا امدادی پیکج مختص کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

سعودی کارکنوں کو 3 ماہ تک سوشل سکیورٹی انشورنس کی جانب سے 9 ہزار ریال ماہانہ ادا کیے جائیں گے تاکہ انہیں معاشی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

ایوان شاہی کی جانب سے جاری ہونے والے احکامات میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب بھی کورونا سے متاثر ہوا ہے۔ موجودہ صورتحال میں جہاں ادارے بند ہیں وہاں اس اندیشے کا بھی سامنا ہے کہ نجی شعبے میں کام کرنے والے سعودی بے روزگار ہوسکتے ہیں۔ سعودی کارکنوں کو بے روزگاری سے بچانے کیلئے خصوصی اقدامات کے تحت ریلیف پیکج جاری کیا گیا ہے جو سوشل سیکیورٹی انشورنس کی مد میں دیا جائے گا۔

احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ نجی سیکٹر کو سعودی کارکنوں کی تنخواہوں کی مد میں ہر سعودی کارکن کیلئے ماہانہ 9 ہزار ریال کا فنڈ جاری کیا جائے گا۔ یہ ادائیگی 3 ماہ تک کی جائے گی۔

شاہی احکامات کے حوالے سے وزیر خزانہ اورادارہ سوشل سیکیورٹی انشورنس کے چیئرمین محمد عبداللہ الجدعان نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کیا اور اسے بہترین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ شاہی فیصلے سے لوگوں کو کافی سہولت میسر آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں