دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 82 ہزار96ہوگئی




نیویارک: (8 اپریل 2020) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 82 ہزار96ہوگئی۔ کووڈ 19 سے متاثر افراد کی تعداد 14لاکھ31ہزار سے زائد ہو گئی جبکہ 3 لاکھ 3ہزار 2 سو 90سے زائد افراد کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کوروناوائرس کے سامنے سپر پاور امریکا مکمل بے بس ہوگیا۔ ایک ہی دن میں ریکارڈ انیس سو ستر ہلاکتیں۔ اموات بارہ ہزار آٹھ سو سے زائد ہو گئیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ صدر ٹرمپ عالمی ادارہ صحت کی تنقید پر برہم ہوگئے۔ ڈبلیو ایچ او کو امداد میں کٹوتی کرنے کی دھمکی دے دی۔ کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کے حوالے سے عالمی ادارہ صحت نے تاخیر سے بتایا۔

فرانس میں بھی کورونا وائرس سے مزید چودہ سو سترہ ہلاکتیں۔ دس ہزار سے زائد ہلاکتوں والا چوتھا ملک بن گیا۔ ایک لاکھ نو ہزار انہتر افراد فرانسیسی کورونا سے لڑ رہے ہیں ادھر اٹلی میں بھی کورونا نے تباہی مچا رکھی ہے۔ ایک لاکھ پینتیس ہزار پانچ سو چھیاسی افراد کورونا سے متاثر ہیں جکہ سترہ ہزار ایک سو ستائیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اسپین میں مزید سات سو چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ایک لاکھ اکتالیس ہزار نو سو بیالیس افراد متاثر ہیں۔ اسپین میں اب تک چودہ ہزار پینتالیس افراد کورونا کے باعث لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

ادھر برطانیہ میں بھی کورونا وائرس نے دہشت مچا رکھی ہے ۔ جہاں مزید سات سو چھیاسی اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد چھ ہزار ایک سو انسٹھ تک پہنچ گئی ہے۔ متاثرین کی تعداد پچپن ہزار دو سو بیالیس بتائی جاتی ہے۔ برطانوی وزیراعظم بورس جونسن کی حالت میں اب مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ ایران میں باسٹھ ہزار پانچ سو نواسی افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں جبکہ اموات تین ہزار آٹھ سو بہتر تک پہنچ گئی ہے۔

ترکی میں چونتیس ہزار ایک سو نو افراد کورنا کا شکار ہیں جبکہ اموات سات سو پچیس تک ہوئی ہیں۔ بھارت میں پانچ ہزار تین سو چھپن افراد میں کورنا کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ایک سو ساٹھ بھارتی ہلاک ہوچکے ہیں۔ جرمنی میں ہلاکتوں کا گراف دو ہزار ایک سو چھ تک پہنچ گیا جبکہ ایک لاکھ سات ہزار چھ سو تراسٹھ جرمن بیماری سے لڑنے میں مصروف ہیں ۔

دوسری جانب سعودی عرب میں اب تک کورونا کی وجہ سے اکتالیس ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد دو ہزار سات سو پچیانوے بتائی جاتی ہے ۔ سوئٹزر لینڈ میں بائیس ہزار دو سو ترپن متاثرین ہیں اموات کی تعداد آٹھ سو اکیس ہوگئی ہے۔ بیلجیم میں بائیس ہزار ایک سو چورانے متاثر ہوئے ہیں ہلاکتیں دو ہزار پینتس رپورٹ ہوئیں۔ ہالینڈ میں انیس ہزار پانچ سو اسی متاثرین ہیں اور دو ہزار ایک سو ایک ہلاکت ہوچکے ہیں۔ کینیڈا میں سترہ ہزار آٹھ سو ستانوے متاثر ہیں جبکہ اموات تین سو اکیاسی رپورٹ ہوئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں