کورونا وائرس سے عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی




ویب ڈیسک: (10 اپریل 2020) کورونا وائرس 210 ممالک اور علاقوں تک پہنچ گیا۔ عالمی سطح پر ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ 16 لاکھ 38  ہزارسے زائد بیمار ہیں، جبکہ 3 لاکھ 69 ہزار سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق برطانوی وزیراعظم کے والد اسٹینلی نے برطانوی ٹی وی کو بتایا کہ بورس جانسن اپنی ٹیم کیلئے جان کا خطرہ مول لے چکے ہیں۔ اب دعا ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہوں۔ طبیعت میں بہتری کے بعد بورس جانسن کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ سے جنرل وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق بورس جانسن کی حالت تاحال خطرہ سے باہر نہیں ہے لیکن وہ آہستہ آہستہ چل رہے ہیں۔

برطانیہ میں 24 گھنٹے کے دوران 980 افراد ہلاک اور ہلاکتوں کی تعداد 9 ہزار سے زائد ہوگئی ہے، جبکہ 65 ہزار سے زائد بیمارہیں

 بنگلادیش میں کورونا پر کنٹرول کیلئے سرکاری اور نجی دفاتر 25 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ بھارت میں 21 روز کے لاک ڈاؤن کے باجود کورونا کے کیسسز کی تعداد 7 ہزار 661 ہوگئی ہے اور 200 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران امریکا میں 1236 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 18 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ 4 لاکھ  75 ہزار سے زائد بیمار ہیں۔

اسپین میں ایک روز میں 523 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

ایران میں 122، بیلجیئم میں 496 اور ہالینڈ میں 115 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2 ہزار 500 سے زائد ہوگئی ہے، جبکہ 23 ہزار سے زائد بیمار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں