ڈونلڈ ٹرمپ کا سخت شرائط کے تحت اقتصادی سرگرمیوں کی تین مراحل میں اجازت دینے کا اعلان




واشنگٹن: (17 اپریل 2020) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی وبا پھیلنے کے نتیجے میں اقتصادی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں مگر وہ تین مراحل میں سخت شرائط کے تحت اقتصادی سرگرمیوں کی اجازت دینے کی تیاری کررہے ہیں۔

عرب ٹی وی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ریاستیں انفرادی طور پر بتدریج معاشی سرگرمیاں شروع کرسکیں گی۔ لیکن ان کا کہنا تھا کہ ملک میں معاشی اور اقتصادی سرگرمیوں کے آغاز کی اجازت سخت شرائط کے ساتھ مشروط ہوگی۔

انہوں نے امریکن کرائسس سیل کیلئے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ملک میں لاک ڈاؤن کھولنے کے مراحل کیلئے کوئی مقررہ مدت طے نہیں کی گئی ہے اور اسے ریاستی گورنرز پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ہر ریاست کو اپنے حالات کے تناسب سے معیشت کھولنے کے منصوبے پر عملدرآمد کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ریاست جو خود کو معیشت کھولنے کے منصوبے کیلئے تیار نظر آتی ہے کل سے اس پر عملدرآمد شروع کرسکتی ہے۔

ملک میں اقتصادی سرگرمیاں شروع کرنے اجازت کیلئے پہلے مرحلے کی شرائط بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کو سب سے زیادہ انفیکشن کا سامنا ہے ان کو گھروں میں ہی رہنا ہوگا۔ لوگ گھر سے کام کریں اور مرحلہ وار آغاز کریں۔ پہلے مرحلے میں اسکول بند رہیں گے۔ دس سے زیادہ افراد جمع نہ ہوں۔ غیرضروری سفر سے گریز کیا جائے۔ ریسٹورانٹ اور جیمز کلب کھولے جائیں گے۔ شائقین کی کھیل کے میدانوں میں غیرموجودگی کے ساتھ کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں