او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا اجلاس: کورونا کے نقصانات میں کمی کیلئے اقدامات کا فیصلہ




جدہ: (22 اپریل 2020) او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے ویڈیو اجلاس میں کورونا کے نقصانات میں کمی کیلئے قومی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

اوآئی سی سیکریٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں رکن ممالک میں مالی استحکام اور صحت و سلامتی پر کورونا کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔ جبکہ او آئی سی کے سیکریٹری جنرل یوسف العثیمین اجلاس میں شریک ہوئے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کورونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے دنیا بھر کو سعودی عرب کی فراہم کردہ امداد کے حوالے سے بتایا کہ مملکت نے عالمی تنظیموں کو 500 ملین ڈالرز، عالمی ادارہ صحت کو ایک کروڑ ڈالرز، او آئی سی کے متعدد رکن ممالک یمن کو 38 ملین ڈالرز اور فلسطین کو 20 لاکھ 10 ہزار ڈالرز امداد کے طور پر پیش کیے۔

سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ مملکت نے اسلامی یکجہتی فنڈ کی مد میں 90 لاکھ ڈالرز جمع کرائے ہیں۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ مشترکہ دشمن سے نمٹنے کیلئے ہم سب ایک کشتی کے سوار ہیں۔ اس کے نقصانات مختلف شعبوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکے ہیں۔ ملکی، علاقائی ہر سطح پر کورونا کے اثرات پھیلے ہوئے ہیں جس کا سدباب ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں