وائٹ ہاؤس نے ٹویٹر پرمودی اور بھارتی صدر کو اَن فالو کردیا




واشنگٹن: (29 اپریل 2020)امریکا بھارت اور وزیراعظم نریندرا مودی سے آنکھیں پھیرنے لگا، وائٹ ہاؤس نے ٹویٹر پر نریندرا مودی اور بھارتی صدر رام ناتھ کووند کو اَن فالو کر دیا۔

امریکا اور بھارت کے دوستی میں دراڑیاں پڑنے لگیں، واشنگٹن نئی دہلی اور نریندرا مودی سے آنکھیں پھیرنے لگا۔ وائٹ ہاؤس نے ٹویٹر پر نریندر مودی اور بھارتی صدر کو ان فالو کر دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس نے امریکا میں بھارتی سفارتخانے کو بھی ٹویٹر پر ان فالو کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس بھارت کے 19 سرکاری و غیر سرکاری ہینڈلز کو فالو کرتا تھا، اب وائٹ ہاؤس کی جانب سے تمام ہینڈلز کو ان فالو کر دیا گیا ہے۔ بھارتی سفارتخانے، بھارتی صدر اور وزیراعظم کو ان فالو کرنے پر اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے کہا کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے آن فالو کرنا خطرے کی گھنٹی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مذہبی آزادی پر امریکی کمیشن کی سالانہ رپورٹ جاری کی گئی تھی جس میں بھارت کو پہلی مرتبہ اقلیتوں کیلئے خطرناک ملک قرار دے دیا گیا جبکہ پاکستان میں متعدد مثبت پیشرفتوں کا اعتراف کیا گیا ہے۔

سالانہ رپورٹ میں متنازعہ بھارتی شہریت بل پر امریکی کمیشن نے شدید تنقید کی اور بابری مسجد سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کیے جانے پر شدید تنقید کی۔ رپورٹ میں امریکی کانگریس کو بھارت میں مذہبی آزادی کی صورتحال پر سماعت جاری رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں