کورونا ویکسین کی تلاش کے لئے امریکی مسلمان منصف محمد سلاوی کا انتخاب




واشنگٹن:(18مئی 2020)امریکی صدر نے کووڈ نائنٹین ویکسین تلاش کرنے کے لئے بنائے گئے فاسٹ ٹریک پروگرام کی سربراہی کیلئے امریکی مسلمان منصف محمد سلاوی کا انتخاب کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک نیوز بریفنگ میں اعلان کیا کہ آپریشن وارپ اسپیڈ کے چیف سائنس دان ڈاکٹر منصف محمد سلاوی ہوں گے جو عالمی سطح پر مشہور امیونولوجسٹ ہیں،انہوں نے چودہ نئی ویکسین بنانے میں مدد کی تھی۔

ڈاکٹر منصف محمد سلاوی نے وائٹ ہاؤس میں بریفنگ میں پروگرام متعارف کراتے ہوئے کہا کہ میں نے حال ہی میں ایک کورونا وائرس ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کا ابتدائی ڈیٹا دیکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ڈیٹا نے مجھے مزید اعتماد دیا ہے کہ ہم دو ہزار بیس کے آخر تک ویکسین کی کروڑوں خوراک بنالیں گے۔

اس موقع پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ مراکشی امریکی امیونولوجسٹ ویکسین تیار کرنے کے سلسلے میں دنیا کے سب سے معزز افراد میں سے ایک ہیں۔

ڈاکٹر منصف محمد سلاوی مراکش کے شہر اگادیر میں انیسو انسٹھ میں پیدا ہوئے،وہ معروف دوا ساز کمپنی گلیکسو اسمتھ کلائن کے شعبہ ویکسین کے سربراہ رہے اور تیس سال تک اس کمپنی میں کام کیا۔

کاسا بلانکا کے محمد پنجم ہائی اسکول سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد ڈاکٹر منصف محمد سلاوی نے بیلجیئم میں حیاتیات کی تعلیم حاصل کی اور ہارورڈ میڈیکل اسکول اور ٹفٹس یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن سے پوسٹ گریجویٹ کورس مکمل کیا۔

انہوں نے ایک سو سے زائد سائنسی مقالے شائع کیے ہیں اور وہ انٹرنیشنل ایڈز ویکسین انیشی ایٹو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن بھی ہیں،خیال رہے کہ ان کی بہن کا بہت چھوٹی عمر میں کھانسی کی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں