امریکی وزیر خارجہ کا افغانستان میں عیدالفطر پر عارضی جنگ بندی کا خیر مقدم




واشنگٹن: ( 25 مئی 2020) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے افغانستان میں عیدالفطر کے موقع پر عارضی جنگ بندی کو سراہا، جس سے جنگ زدہ ملک میں قیام امن کی کوششوں کے فروغ کا شاندار موقع فراہم ہوا ہے۔

افغانستان میں جارحانہ کارروائیوں کے تعطل کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہوں نے کہا افغان عوام کی یہ دیرینہ اور بھرپور خواہش ہے کہ ملک میں امن قائم ہو۔ انہوں نے افغان صدر اشرف غنی کی حکومت پر زور دیا کہ طالبان کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کا عمل تیز کیا جائے تاکہ مجوزہ امن مذاکرات کی راہ میںحائل رکاوٹ دور کی جا سکے۔

اس سے قبل امریکا کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان تین روزہ جنگ بندی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تہنیتی ٹویٹ میں کہا کہ عید کے مبارک موقع پر آپ سب کو دلی عید مبارک پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عید کے دوران طالبان اور افغان حکومت کے درمیان تین روزہ جنگ بندی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں