فلسطینی ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں کے نام ایک خط – بنت شیروانی




میری بہت ہی پیاری فلسطینی ماؤں ، بہنوں ، بیٹیوں…….!
اسلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ،
اللہ تعالی تم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے، تم سب کی حفاظت کرے، تم سب کو امن عطا کر اور تمھاری مدد کے لۓ کافی ہوجائے….! میری پیاریوں …… میں تم سے کبھی ملی نہیں، کبھی تم سے مصافحہ بھی نہیں کیا اور نہ ہی معانقہ کرنے کا موقع ملا، لیکن تم سب میرے دل کے بہت قریب ہو. تمھاری خوشیوں میں مجھے فرحت ملتی ہے اور تمھیں ملنے والی تکالیف پر میں بے چین ہوجاتی ہوں……. اور خود بھی درد محسوس کرتی ہوں.
میری پیاریوں معلوم ہے……. جب تم اس مسجد اقصیٰ کے قریب اپنے کھانوں کے برتن اور پتیلیوں میں پکوان ڈالے بیٹھی تھیں تو میں نے آیت الکرسی تم لوگوں پر پڑھ کر پونکھ دی تھی کہ خدا تمھیں اپنی حفظ و امان میں رکھے……. اور جب تم آپس میں باتیں کرتے ہنس رہی تھیں تو مجھے لگتا تھا کہ میں بھی ہنس رہی ہوں . اور میں سوچتی تھی کہ کیا اطمینان ہے تم لوگوں کے اندر……… ! اسرائیلی فوجی تم لوگوں کے قریب ہی کھڑے تھے اور جب وہ کچھ تم لوگوں کو کچھ کہتے تو تم آگے سے بغیر سہمے انھیں بہت کچھ سنا جاتیں. اس وقت میں ایک سرشاری کی کیفیت میں ہوتی اور فورا دعا کرتی کہ یارب تو میری ان پیاریوں کی حفاظت فرما ،اور معلوم ہے….. جب انھی اسرائیلی فوجیوں کا تمھارے گھروں میں گھستا دیکھتی ہوں تو دل چہتا ہے کہ زور دار دھکے دے کر انھیں ہٹا دوں کہ یہ تمھارے گھروں میں گھسنے کی ہمت نہ کر سکیں۰
میری پیاریوں…….! میرے مرد بھی تمھارے مردوں کا ساتھ دینا چاہتے ہیں.وہ بھی تمھارے مردوں کے ساتھ ہیں. وہ بھی اس بیت المقدس کو آزاد کرانے کے لۓ بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۰۰اور کرنے کا عزم رکھتے ہیں . میری پیاریوں یہ صرف تمھاری ایک پاکستانی بہن کا خط تمھارے نام نہیں بلکہ تمام پاکستانی بہنوں کی طرف سے یہ خط ہے. ہر پاکستانی بہن تمھارے ساتھ ہے . اس بیت المقدس کی آزادی کے لۓ تمھارا ساتھ دےگی………اسے فتح کرانے میں تمھارا ہراول دستہ بنے گی۰ اور تمھارے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۰
تمھاری بہت ہی اپنی،
ایک پاکستانی بہن….یوم القدس

اپنا تبصرہ بھیجیں