اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد قوم کو خوف سے بچانا ہے، فردوس عاشق




اسلام آباد: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے ذریعے قوم کو خوف سے بچانا ہے۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ہر سوچ اور مکتبہ فکر کے افراد کا تعاون درکار ہے جبکہ موجودہ صورتحال میں امام، خطیب اور موذن کا بھی اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور علما کے درمیان معاہدے پر عمل پر تحفظات ہیں اور صدرمملکت نے کل خط میں تحفظات کا اظہار بھی کیا۔ مساجد کو کورونا کے پھیلاؤ کا ذریعہ نہیں بننے دیں گے۔ امید ہے تمام مساجد کی انتظامیہ اپنا کردار مزید موثر بنائے گی اور 20 نکاتی معاہدے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ڈاکٹرز بے چینی اور اضطراب کا اظہار کر رہے ہیں ہمیں ڈاکٹروں کی خدمات پر فخر ہے وہ کورونا کے خلاف ہمارے سپاہی ہیں اس لیے حکومت نے ڈاکٹروں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے تحفظات پر تمام صوبائی حکومتیں اور ادارے کام کر رہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاوَن کا فیصلہ کیا جس کے ذریعے قوم کو خوف سے بچانا ہے۔ جس میں ٹیکنالوجی کے ذریعے مخصوص علاقے کو سیل کیا جائے گا جبکہ ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں کہ مکمل لاک ڈاوَن کی طرف جائیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی طور پر آئیسولیشن کے شکار قائد حزب اختلاف سیاسی حملے کر رہے ہیں اور ہمیں مجبوراً تنقید کا جواب دینا پڑتا ہے جبکہ وزیر اعظم بار بار دہرا چکے ہیں کورونا پر سیاست نہیں کرنی۔

یہ بھی پڑھیں کورونا وائرس: پاکستان میں 269 اموات، 12ہزار 723 متاثر

معاون خصوصی نے کہا کہ آٹا چینی کمیشن نے تحقیقات کے لیے مزید 3 ہفتے کا وقت مانگا ہے اس کمیشن میں وزیر اعظم کا کوئی رشتہ دار ملوث نہیں۔

The post اسمارٹ لاک ڈاؤن کا مقصد قوم کو خوف سے بچانا ہے، فردوس عاشق appeared first on ہم نیوز.

اپنا تبصرہ بھیجیں