کورونا، درزیوں کی دکانیں کھل گئیں مگر کام نہیں مل رہا




لاہور: کورونا کے باعث لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد درزیوں کو دکانیں کھولنے کی اجازت تو مل گئی لیکن کام نہ ہونے کےباعث درزی پریشانی کا شکار ہیں۔

عید سے قبل ماہ مبارک میں درزی کی مرضی ہوتی تھی، گاہک پیچھے پیچھے ہوتے مگر درزی کے پاس وقت نہ ہوتا تھا، آج کل حالات یکسر بدل گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث قریباً ایک مہینہ بند رہنے کے بعددرزیوں کا کاروبار تو کھل گیا ہے لیکن نہ تو گاہک ہیں اور نہ ہی کام۔ درزیوں کا کہنا ہے کہ دن بھر فرصت میں یہی سوچتے گزر جاتا ہے کہ دو وقت کی روٹی کا کیا ہو گا۔

درزیوں کا کہنا ہے کہ رمضان کا مہینہ ہمارے لیے بونس اکٹھا کرنے کا ہوتا تھا مگر اب فقط دال روٹی پوری ہو جائے تو بہت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بیوٹی پارلرز پرتالے،کورونا خواتین کے بناؤسنگھار میں بھی رکاوٹ

عبدالعزیز نامی درزی نے ہم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کام ہی نہیں ہے یہ وقت تو ہمارا اتنا کام کا ہوتا تھا مگر اب تو گاہک ہی نہیں ہے۔

مشتاق بھی کپڑے سلائی کر کے روزی کماتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ دکان کرائے کی ہے اور کام بھی نہیں ہے جس کے باعث تمام دن فارغ بیٹھ کر گھر چلے جاتے ہیں۔

مشتاق اور عزیز جیسے سینکڑوں درزی کاروباری مسائل کا شکار تو ہیں مگر ساتھ ہی پرامید بھی ہیں کہ یہ برے دن جلد ختم ہو جائیں گے۔

The post کورونا، درزیوں کی دکانیں کھل گئیں مگر کام نہیں مل رہا appeared first on ہم نیوز.

اپنا تبصرہ بھیجیں