صوبوں کے پاس مرکز کو ٹیکس دینے والےکاروبار روکنےکا اختیار نہیں، عدالت




اسلام آباد: چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ہے کہ صوبوں کو ایسے کاروبار روکنے کا کوئی اختیار نہیں جو مرکز کو ٹیکس دیتے ہیں۔ ایسا کرنے کے لیے مرکز کی اجازت ضروری تھی۔

سپریم کورٹ میں کرونا وائرس ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ صوبائی حکومتوں نے کاروباری مصروفیات روک دی ہیں۔

جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ کیا پنجاب نے مرکز سے ایسی کوئی اجازت لی؟ اگر اجازت نہیں لی گئی تو صوبوں کے ایسے تمام اقدامات غیر آئینی ہیں۔صوبائی حکومتیں صرف وہ کام رکوا سکتی ہیں جو ان کے دائرہ اختیار میں آتے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: سارے کام کاغذوں میں ہو رہے، کسی چیز میں شفافیت نہیں، سپریم کورٹ

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ سندھ حکومت ایک درخواست پر دکان اور فیکٹری کھولنے کی اجازت دے رہی ہے۔ سندھ میں پالیسی بنانے کی بجائے فیکٹری کھولنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ پنجاب میں 37 صنعتیں کھولی گئی ہیں۔ عدالت استفسار کیا کہ 37صنعتیں کھول دیں باقی صنعتوں کے ساتھ کیا مسئلہ ہے؟

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ وفاقی معاملات کے حوالے سے شیڈول 4 کو دیکھ لیں۔ امپورٹ، ایکسپورٹ ،لمیٹڈ کمپنیز،ہائی ویزاور ٹیکس کے معاملات وفاقی ہیں۔ صوبائی حکومت وفاق کے معاملات پر اثر انداز نہیں ہو سکتی۔

بینچ کے سربراہ نے استفسار کیا کہ وفاقی حکومت کے ریوینیو کا راستہ صوبائی حکومتیں کیسے بند کرسکتی ہیں؟

چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا صوبائی حکومت کا اختیار اسی حد تک ہے جو آئین دیتا ہے، کاروبار ی سرگرمیوں پر وفاقی حکومت ٹیکس لیتی ہے، صوبے اس پر پابندی کیسے لگا سکتے ہیں؟

جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتوں کی آپس میں ہم آہنگی نہیں ہے، ہم آہنگی کے فقدان کی وجہ وفاق میں بیٹھے لوگوں کی ذاتی عناد ہے، حکومت ہر کام منصوبہ بندی کے ساتھ کرتی ہے، لیکن اس معاملے کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آ رہی۔

جسٹس بندیال نے ریمارکس دیے کہ ایک اچھی اور وژینری لیڈر شپ کا فقدان ہے، وفاق میں بیٹھے لوگوں کا رویہ متکبرانہ نظر آ رہا ہے۔ اس روئیے سے وفاق کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ کیا وفاق میں بیٹھے لوگوں کو ایسی زبان استعمال کرنی چاہیے۔ انا اور ضد سے حکومتی معاملات نہیں چلتے۔

سپریم کورٹ نے کوروناوائرس کیخلاف یکساں پالیسی مرتب دینے کیلئے وفاق کو ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے۔

The post صوبوں کے پاس مرکز کو ٹیکس دینے والےکاروبار روکنےکا اختیار نہیں، عدالت appeared first on ہم نیوز.

اپنا تبصرہ بھیجیں