جلد ٹرانسپورٹ اور ٹرین کھولیں گے، وزیراعظم




اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عندیہ دیا ہے کہ ملک مزید لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہو سکتا، صوبوں سے مشاورت کے بعد جلد ٹرانسپورٹ اور ٹرین کھولیں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پابندیوں میں مزید نرمی کا عندیہ دے دیا ہے۔

کابینہ ارکان کا عوام کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے پر اظہار تشویش جس پر وزیراعظم نے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے وزیراعظم نے پاکستان میں لاک ڈاؤن جزوی طور پر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ احتیاط سے ہی وائرس کے اثرات پر قابو پایاجاسکتا ہے۔ عوام کی انفرادی ذمہ داری ہے وہ خود احتیاط کریں۔ مشکل وقت سے نکلنا ہے تو ذمہ دار شہری بننا ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم کا9مئی سے لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان

وزیراعظم نے کہا کہ ہر شعبے کے لیے ایس او پیز بنائیں گے۔ کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کے فیصلے پر اتفاق نہیں ہوا تھا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے سے عام آدمی کو فائدہ ہوگا تاہم کوئی بھی فیصلہ صوبوں کے بغیرنہیں ہوگا۔ پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلق ایس او پیز بنائیں گے۔

حکومت نے شام 5بجے تک دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم  تمام چھوٹے کاروبار اور دکانیں ہفتے میں 2دن بند کیے جائیں گے۔

وفاق کی جانب سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے اعلان کے بعد تمام صوبوں میں بھی کاروبار کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

سندھ میں دکانیں نماز فجر سے لے کر شام پانچ بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ ہفتہ اور اتوار کو اشیاء خوردونوش کے علاوہ سب بند رہے گا۔

کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں اراکین نے تجویز دی تھی کہ کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا تو لاک ڈاؤن میں مزید سختی کی جائے گی۔

The post جلد ٹرانسپورٹ اور ٹرین کھولیں گے، وزیراعظم appeared first on ہم نیوز.

اپنا تبصرہ بھیجیں