عمران فاروق قتل کیس: ملزمان کے وکلا نے ایف آئی کی رپورٹ کو جعلی قرار دے دیا




اسلام آباد: متحدہ قومی مومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں ملزمان کے وکلا نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے عدالت میں پیش کی گئی برطانوی تعلیمی ادارے کی حاضری شیٹ اور  بینک دستاویزات جعلی ہیں۔

ملزم محسن علی کے وکیل  مہر بخش نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل سے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت اقبالی بیان دباو میں لا کر لیا گیا جو ایف آئی اے کے اہلکاروں نے سادہ کاغذ پر دستخط کرا کے خود تحریر کیا۔

مزید پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس:ملزمان کا اپنے دفاع میں شواہد نہ پیش کرنے کا فیصلہ

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزم محسن علی کے وکیل مہر بخش نے موقف اختیار کیا کہ عمران فاروق کو 2010 میں قتل کیا گیا جبکہ ایف آئی آر پانچ سال تاخیر سے درج کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق خود کئی مقدمات میں اشتہاری تھے جن کے سر کی قیمت مقرر تھی۔ان کے بہت سے دشمن ان کی جان کے درپے تھے، مقتول کی بیوہ شمائلہ عمران کا بیان تضادات سے بھرپور ہے۔

وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ ملزم محسن علی لندن پڑھائی کے لیے گیا تھا۔ اس کا قتل اور وقوعہ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔

ملزم معظم علی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل ایک کاروباری شخص ہیں جو برطانیہ اور متحدہ ارب امارات  سمیت کئی ممالک کا سفر کر چکے ہیں۔

وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ برطانیہ جانا  یا ایم کیو ایم سے وابستگی رکھنا کوئی جرم نہیں ہے۔

عدالت نے ایف آئی اے پراسیکیوٹر کو کل دلائل مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

خیال رہے کہ ملزمان کی جانب سے دائردرخواست کے متن میں درج ہے کہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی پانچ سال سے تفتیش کر رہی ہے اور مہلت پر مہلت لے کر ملزمان کا استحصال کیا جا رہا ہے۔

پچھلی پیشی کے دوروان  ملزمان خالد شمیم، محسن اور معظم علی نے انسداد دہشتگردی کی عدالت سے استدعا کی تھی کہ فیصلہ سنانے کی تاریخ جلد مقرر کی جائے۔

یاد رہے کہ  انسداد دہشتگردی کی عدالت کی جانب سے 2018 میں معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی پر مذکورہ کیس میں فرد جرم عائد کی گئی تھی تاہم ملزمان صحت جرم سے انکار کر چکے ہیں۔

The post عمران فاروق قتل کیس: ملزمان کے وکلا نے ایف آئی کی رپورٹ کو جعلی قرار دے دیا appeared first on ہم نیوز.

اپنا تبصرہ بھیجیں