بٹگرام میں ایک شخص نے گھر کے 6 افراد کو قتل کردیا




بٹگرام: خیبر پختونخواہ کے ضلع بٹگرام کے نواحی گاوَں میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے اپنے ہی گھر کے 6 افراد کو قتل کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ملزم گھر کے افراد کو قتل کرنے کے بعد فرار ہونے کی کوشش میں مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں ملزم کی 2 بیویاں، ایک بیٹا، بہو اور ایک بیٹی شامل ہے۔

پولیس اور ریسکیو حکام نے جاں بحق افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال بٹگرام منتقل کردیں۔

علاقہ مکینوں کے مطابق ملزم کا دماغی توازن ٹھیک نہیں تھا اور وہ اکثر اپنے گھر والوں سے جھگڑتا رہتا تھا۔

خیال رہے کہ 21 مئی کو خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دو کم سن لڑکیوں کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا

شمالی وزیرستان پولیس نے لیک ہونے والی ایک ویڈیو کے باعث غیرت کے نام پر قتل ہونے والی لڑکیوں کے قاتل اور مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

ڈی پی او شمالی وزیرستان شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اس معاملے سے جڑے تمام 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور مرکزی ملزم محمد اسلم لڑکیوں کا چچازاد بھائی ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم نے مقامی نوجوان کے ساتھ لڑکیوں کی ویڈیو سامنے آنے پر انہیں قتل کیا جب کہ ویڈیو بنانے اور پھیلانے والے ملزم پہلے گرفتار ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نوجوان کے ساتھ ویڈیو بنانے پر دو لڑکیاں قتل

ہم نیوز کےمطابق پولیس نے اس سے قبل بھی دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن میں ایک لڑکی کا بھائی امین خان اور دوسرا ملزم دوسری لڑکی کا والد رسول خان تھا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق شام پلین کے علاقے میں 18 اور 16 سالہ لڑکیوں کو ان کے چچا زاد بھائی نے فائرنگ کر کے مبینہ طور پر’غیرت کے نام‘پر قتل کیا تھا۔

پولیس نے وڈیو میں لڑکیوں کے ساتھ غیراخلاقی حرکات کرنے والے ملزم عمر ایاز ولد خان محمد کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔

گرفتار ہونے والے دیگر ملزمان میں فدا محمد ولد جہانگیر،رادول خان ولد جمدادخان اور روح الدین ولد شاہ عالم شامل تھے۔

The post بٹگرام میں ایک شخص نے گھر کے 6 افراد کو قتل کردیا appeared first on ہم نیوز.

اپنا تبصرہ بھیجیں