شہباز شریف کی زرعی آمدنی اور ٹیکس ریکارڈ کی تفصیلات سامنے آگئیں




لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کی گزشتہ 10 سال میں زرعی آمدنی اور ٹیکس ریکارڈ کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ہم نیوز کو موصول ہونے والے قومی احستاب بیورو (نیب) دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے 10 سال کی زرعی آمدنی پر ٹیکس ریکارڈ جمع کرا دیا ہے۔ شہبازشریف نے 10سال کے دوران 8 کروڑایک لاکھ ایک ہزار 705 روپے کمائے۔

نیب دستاویزات کے مطابق شہباز شریف نے 10 سال کے دوران 1 کروڑ 10 لاکھ 21 ہزار 89 روپے ٹیکس دیا۔ شہباز شریف سب سے کم آمدنی 2019 میں 25 لاکھ رہی، جس پر 3 لاکھ 33 ہزار 250 روپے جمع کرایا۔

نیب دستاویزات کے مطابق 2009 میں شہباز شریف کی آمدنی 30 لاکھ اور ٹیکس 3 لاکھ 93 ہزار جمع کرایا۔ شہباز شریف نے سب سے زیادہ کمائی 2011 میں 1 کروڑ 65 لاکھ 46 ہزار 705 روپے کی۔ شہباز شریف نے سب سے زیادہ ٹیکس 2011 میں 27 لاکھ 82 ہزار 500 جمع کرایا۔

نیب دستاویزات کے مطابق گزشتہ 6 سال سے بشمول شہباز شریف کی آمدنی کم ہوئی اور ٹیکس بھی کم دیا۔  گزشتہ 3 سال شہباز شریف نے 88 لاکھ کمائے اور 12 لاکھ 9 ہزار 250 روپے جمع کرایا۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی طلبی کا تحریری فیصلہ جاری

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف شہبازشریف کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی تھی اور  نیب کو17 جون تک انہیں گرفتار کرنے  سے روک دیا تھا۔

جسٹس طارق عباسی اور جسٹس فاروق نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ شہباز شریف کی طرف سے اعظم تارڑ اور امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔ نیب کی طرف سے اسپیشل پراسیکیوٹر نیب سید فیصل رضا بخاری بھی لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تھے۔

عدالت نے استفسار کیا تھا کہ کیا شہبازشریف کو گرفتاری کا خدشہ ہے؟ وکیل درخواست گزار نے معزز جج کو بتایا تھا کہ نیب ان کے مؤکل کو گرفتار کرنے کیلئے بے تاب ہے۔

نیب نے شہباز شریف کو گزشتہ روز طلب کیا تھا لیکن انہوں نے پیش ہونے کے بجائے اپنے نمائندے محمد فیصل کے ذریعے اثاثہ جات کے حوالے سے تفصیلی جواب جمع کروایا تھا جس میں کہا گیا کہ شہباز شریف ہائیکورٹ میں قبل از گرفتاری ضمانت کی تاریخ نہ ملنے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے۔

The post شہباز شریف کی زرعی آمدنی اور ٹیکس ریکارڈ کی تفصیلات سامنے آگئیں appeared first on ہم نیوز.

اپنا تبصرہ بھیجیں